کولکاتہ، 14/دسمبر(ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا) کولکاتہ ہائی کورٹ نے آل انڈیا گورکھا لیگ کے لیڈر مدن تمانگ کے قتل کے معاملے میں گورکھا جن مکتی مورچہ کے سربراہ بمل گرنگ، اس کی بیوی آشا اور 20دیگر کی پیشگی ضمانت کی درخواست آج منظور کر لی۔جسٹس اشیم کمار رائے اور جسٹس ایم ایم بنرجی کی بنچ نے درخواست گزاروں کو ہدایت دی کہ وہ 21دسمبر تک یہاں چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کے سامنے ہتھیار ڈال دیں۔بنچ نے ہدایت دی کہ یہاں خصوصی سی ایم ایم عدالت کے سامنے یکم فروری 2017تک الزام طے کئے جانے چاہئے۔بنچ نے یہ بھی ہدایت دی کہ الزام طے کئے جانے سے ایک دن پہلے تمام ملزمین کولکاتہ میں موجود رہیں گے اور مقدمے کا نمٹارہ ہونے تک کوئی بھی عدالت کی اجازت کے بغیر کولکاتہ میٹروپولیٹن عدالت کے دائرہ اختیار سے باہر نہیں جائے گا۔عدالت نے ہدایت دی کہ اگر اس کے سامنے پیشگی ضمانت کی درخواست کے زیر التوا رہنے کے دوران 22درخواست گزاروں میں سے کسی کو بھی گرفتار کیا جاتا ہے تو اسے 10ہزار روپے کے ذاتی مچلکے پر تین ہفتے کے اندر اندر ضمانت دی جائے۔تمانگ کو 21مئی 2010کو دارجلنگ شہر میں اس وقت قتل کر دیا گیا تھا جب وہ ایک عوامی جلسے کے لئے تیاریوں کو دیکھ رہے تھے۔سی بی آئی نے 29مئی 2015کو جی جے ایم کے لیڈران کے خلاف تمانگ معاملے میں قتل اور مجرمانہ سازش کے لئے آئی پی سی کی دفعات کے تحت چارج شیٹ دائر کیا تھا۔